بگ بیش میں شاہین آفریدی کی مایوس کُن پرفارمنس
ڈیبیو میچ میں لائن اور لینتھ برقرار نہ رکھنے پر بولنگ سے روک دیا گیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بگ بیش لیگ کے ڈیبیو میچ میں مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے باعث انہیں بولنگ سے روک دیا گیا۔برسبین ہیٹ اور میلبورن رینیگیڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں شاہین آفریدی نے 2.4 اوورز میں 43 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔انکے اوورز میں تین نو بالز اور دو وائیڈز شامل تھیں۔ اگرچہ انہوں نے دوسرے اوور میں تین ڈاٹ بالز سے اچھا آغاز کیا، تاہم اس کے بعد لائن اور لینتھ برقرار نہ رکھ سکے۔رینیگیڈز کی اننگز کے 18ویں اوور میں شاہین آفریدی نے ٹم سیفرٹ اور اولی پیک کو دو کمر کی اونچائی سے فل ٹاس گیندیں کروائیں جس پر امپائرز نے انہیں خطرناک اٹیک کے باعث مزید بولنگ سے روک دیا۔بولنگ سے ہٹائے جانے کے بعد شاہین آفریدی کے چہرے پر ہلکی مسکراہٹ دیکھی گئی جبکہ برسبین ہیٹ کے کپتان نیتھن میک سویینی کو اوور کی آخری دو گیندیں خود کروانی پڑیں۔رینیگیڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز کا بڑا سکور بنایا۔ محمد رضوان جو رینیگیڈز کی جانب سے بی بی ایل میں ڈیبیو کر رہے تھے ، نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے 10 گیندوں پر 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔