ہر پلیئر نے اپنا اپنا کردار ادا کیا اور چیمپئن بنے :سرفرازاحمد

 ہر پلیئر نے اپنا اپنا کردار ادا کیا اور چیمپئن بنے :سرفرازاحمد

میں کچھ نہیں کرتا، یہ سب اللّٰہ کا کرم ،سب نے محنت کی اور نتیجہ سامنے ہے : مینٹور فتح سرفراز کے تجربے کا نتیجہ:بابر ، کھلاڑیوں نے ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا: شان مسعود

 دبئی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان انڈر 19 کے مینٹور سرفراز احمد نے کہاہے کہ میں کچھ نہیں کرتا، یہ سب اللّٰہ کا کرم ہے ، سب نے محنت کی اور نتیجہ سب کے سامنے ہے۔دبئی میں انڈر 19 کے ایشیا کپ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ سمیر منہاس نے دباؤ میں بہت بڑی اور شاندار اننگز کھیلی، یہ جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، ہر پلیئر نے اپنا اپنا کردار ادا کیا جس نے چیمپئن بنایا ہے ، دریں اثنا قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سٹار بیٹر بابر اعظم نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ زبردست مہم کے بعد نوجوان کھلاڑیوں نے فائنل میں حاوی رہتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی۔

بابر اعظم نے انڈر 19 ٹیم کے منیجر و مینٹور سرفراز احمد کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی اس کامیابی کا کریڈٹ سیفی بھائی کو جاتا ہے ، جن کے تجربے اور رہنمائی نے ٹیم کو سنبھالا اور کامیابی کی راہ ہموار کی۔ دوسری طرف شاندار فتح پر ایکس پرقومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے ٹیم منیجر اور مینٹور سرفراز احمد سمیت کوچنگ سٹاف کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے ۔اپنے پیغام میں شان مسعود نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بے خوف کھیل، غیرمعمولی پختگی، خود اعتمادی اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں