فیفا ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی عالمی سطح پر غیر معمولی طلب
15 کروڑ درخواستوں کے ساتھ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ،طلب 30 گنا زیادہ
زیورخ (سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹکٹوں کی طلب نے فٹ بال کی تاریخ کے تمام سابقہ ریکارڈ پاش پاش کر دئیے ہیں۔'رینڈم سلیکشن ڈرا' کے جاری مرحلے کے دوران اب تک دنیا کے 200 سے زائد ممالک کے فٹ بال شائقین کی جانب سے 15 کروڑ سے زائد ٹکٹوں کی درخواستیں جمع کرائی جا چکی ہیں۔ یہ غیر معمولی اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ موجودہ مرحلے میں ٹکٹوں کی طلب دستیابی کے مقابلے میں 30 گنا سے بھی زیادہ ہے ، جو کہ 1930 سے اب تک ہونے والے تمام ورلڈ کپ میچوں کے مجموعی تماشائیوں کی تعداد سے بھی کئی گنا زائد ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صرف پہلے 15 دنوں میں 15 کروڑ درخواستوں کا موصول ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ کرہ ارض کا سب سے بڑا اور جامع ترین میلہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شائقین کا یہ والہانہ ردعمل فٹ بال کے کھیل سے ان کی عالمی محبت کی عکاسی کرتا ہے اور شمالی امریکہ میں ہونے والا یہ ایونٹ دنیا کو اتحاد کے ایک نئے رنگ میں جوڑ کر تاریخ رقم کرے گا۔ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 11 جون 2026 کو ہوگا، جو 19 جولائی تک کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کے 16 میزبان شہروں میں جاری رہے گا۔