پریذیڈنٹ ٹرافی،پہلے راؤنڈ کے تین میچوں کا فیصلہ ہوگیا
واپڈا نے کے آر ایل،غنی گلاس نے اوجی ڈی سی ایل کو شکست دے دی
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے تیسرے دن چار میں سے تین میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ واپڈا نے کے آر ایل کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔غنی گلاس نے اوجی ڈی سی ایل کو 7 وکٹوں سے ہرادیا اور ایس این جی پی ایل نے ساحر ایسوسی ایٹس کو اننگز اور151 رنز سے شکست دے دی۔نیشنل بینک سٹیڈیم میں واپڈا کو کے آر ایل کے خلاف جیتنے کے لیے 163 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ غنی گلاس کو اوجی ڈی سی ایل کے خلاف جیتنے کے لیے 78 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
نیشنل بینک سپورٹس کمپلیکس میں ساحر ایسوسی ایٹس کی ٹیم ایس این جی پی ایل کے خلاف فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں 288 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سٹیٹ بینک سپورٹس کمپلیکس میں پی ٹی وی کی ٹیم سٹیٹ بینک کے خلاف دوسری اننگز میں 293 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سٹیٹ بینک کو جیتنے کے لیے 240 رنز کا ہدف ملا ہے لیکن کھیل ختم ہونے پر اس نے 148 رنز بنائے تھے اور اس کی 8 وکٹیں گرچکی تھیں۔اسے جیت کے لیے اب بھی 92 رنز درکار ہیں۔