بگ بیش لیگ:بابراعظم کی مشکلات برقرار،ایک بار پھر ناکام

بگ بیش لیگ:بابراعظم کی مشکلات برقرار،ایک بار پھر ناکام

سٹوئنس نے بابر کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا،ناکام ریویو کے بعد واپس پویلین جانے لگے تو بالر نے مسکراتے ہوئے چند الفاظ ادا کیے اور انکا مذاق اڑایا بابر 17 گیندوں پر 14 رنز بنا سکے یہ رواں بی بی ایل میں ان کی 7 اننگز میں پانچویں ناکامی ہے ،موجودہ سیزن میں وہ اب تک 145 رنز بنا چکے ہیں

میلبورن(سپورٹس ڈیسک)بگ بیش لیگ میں پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی مشکلات برقرار رہیں، جہاں وہ سڈنی سکسز اور میلبورن سٹارز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ایک بار پھر نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ۔ بابر اعظم کو آسٹریلوی آل راؤنڈر مارکس سٹوئنس نے آؤٹ کیا، جس کے بعد سٹوئنس کی جانب سے سخت ردِعمل بھی سامنے آیا۔گزشتہ روز میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے بگ بیش لیگ کے میچ میں سڈنی سکسز کی ٹیم 129 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری، جہاں ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا ۔بابر اعظم اور جوش فلپ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں کے درمیان 28 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم ساتویں اوور میں مارکس سٹوئنس نے اوور دی وکٹ گیند کراتے ہوئے اچھی لینتھ پر گیند پھینکی جو اندر کی جانب آئی اور بابر اعظم ایل بی ڈبلیو ہوگئے تاہم امپائر نے اپیل پر انہیں آؤٹ دے دیا۔آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم ڈی آر ایس کے حوالے سے مشاورت کر رہے تھے کہ اسی دوران مارکس اسٹوئنس نے انہیں زبانی طور پر جارحانہ انداز میں سینڈ آف دیا تاہم بابر اعظم نے کسی ردِعمل کا اظہار نہیں کیا۔جب بابر اعظم امپائر کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے واپس پویلین کی جانب جانے لگے تو مارکس سٹوئنس نے مسکراتے ہوئے ان کی طرف دیکھا اور چند الفاظ بھی ادا کیے اور ان کا مذاق اڑایا۔میچ میں بابر اعظم 17 گیندوں پر 14 رنز بنا سکے ۔ یہ رواں بی بی ایل میں ان کی 7 اننگز میں پانچویں ناکامی ہے ۔ بابر اعظم سڈنی سکسز کی جانب سے بطور نمایاں غیر ملکی کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں تاہم وہ اب تک توقعات پر پورا نہیں اتر سکے ۔بی بی ایل کے موجودہ سیزن میں بابر اعظم اب تک 145 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی اوسط 24.17 جب کہ اسٹرائیک ریٹ 108.21 رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں