آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سڈنی ٹیسٹ ہرا کر ایشز سیریز جیت لی
کامیابی کیلئے 160رنز کا ہدف میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا انگلینڈ کے کوچ میکولم ٹیم میں تبدیلیوں پر امادہ، ای سی بی کا جامع جائزہ شروع
سڈنی (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سڈنی ٹیسٹ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشز سیریز 1-4 سے جیت لی ۔ انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں ٹیسٹ کے آخری روز 342 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اس نے کینگروز کو میچ میں کامیابی کے لئے 160رنز کا ہدف دیا جو بعد میں میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے انگلینڈ ٹیم کو میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کے جیکب بیتھل 154 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ مین آف دی میچ جبکہ مچل سٹارک سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے شکست کے بعد اعتراف کیا ہے کہ آسٹریلیا کی شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ انگلینڈ نے بھی اپنی غلطیوں سے خود کو نقصان پہنچایا۔ انگلینڈ کئی مواقع پر مضبوط پوزیشن کے باوجود برتری کو برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔ قائم مقام آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ نے کہا کہ مقامی حالات کی بہتر سمجھ بوجھ نے سیریز میں اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے تسلیم کیا ہے کہ ایشز سیریز میں 1-4 کی شکست کے بعد ان کے طریقہ کار میں کچھ تبدیلیاں ناگزیر ہیں، جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس ناکام دورے پر ایک جامع اور تفصیلی جائزے کا اعلان کر دیا ہے ۔