پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف 7سال بعد ٹی 20سیریز میں فتح

پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف 7سال بعد ٹی 20سیریز میں فتح

دوسرے میچ میں مہمان ٹیم199رنزکے ہدف کے تعاقب میں 108رنزپرڈھیر،کپتان سلمان علی آغا 76رنزبناکرمین آف دی میچ قرار،تیسرااورآخری میچ آج

 لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان نے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا کو 90 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری بھی حاصل کرلی۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو 7 سال بعد ٹی ٹونٹی سیریز میں شکست دی ہے ۔لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جہاں قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے ۔کپتان سلمان علی آغا نے 76، عثمان خان نے 53 اور صائم ایوب نے 23 رنز بنائے جبکہ شاداب خان 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔آسٹریلیا کی جانب سے ریویئر بارٹلیٹ، میتھیو کنہیمین، شین ایبٹ، ایڈم زیمپا اور کوپر کونولی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔مہمان ٹیم کی جانب سے کیمرون گرین 35 اور میتھیو شارٹ 27 رنز بنا کر نمایاں رہے ، جبکہ 7 بیٹرز دہرے ہندسے میں بھی نہ جاسکے ۔

آسٹریلیا کی تمام وکٹیں پاکستانی سپنرز نے لیں۔ شاداب خان اور ابرار احمد 3، 3 عثمان طارق 2 جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے ۔کپتان سلمان آغامین آف دی میچ قرارپائے ،اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری بھی حاصل کرلی۔ یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 22 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سیریز کا آخری میچ آج کھیلا جائے گا۔دریں اثنا چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی کارکردگی سے پاکستان کا نام روشن کیا، محنت، ٹیم ورک اور پروفیشنل ازم کا نتیجہ ہمیشہ جیت کی صورت میں سامنے آتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں