ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ ، آسٹریلیا کو زمبابوے کے ہاتھوں شکست
زمبابوے نے 169رنز بنائے ،آسٹریلیا کی ٹیم146رنز پر ڈھیر،مین آف دی میچ موزا ربانی کی4اوورز میں17رنز دیکر4وکٹیں بیسویں گروپ میچ میں یو اے ای نے کینیڈا کو5وکٹوں سے شکست دی،21ویں میچ میں امریکا نے نیدرلینڈز کو93رنز سے ہرا دیا
کولمبو،نیو دہلی(سپورٹس ڈیسک)زمبابوے نے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دیکرٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2026میں پہلا بڑا اپ سیٹ کردیا۔ کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے ۔برین بینیٹ نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ تادیونشے مرومانی اور ریان برل نے 35، 35 رنز سکور کیے ۔ سکندر رضا نے بھی 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی ٹیم 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 146 رنز بنا سکی۔آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا کے 65 رنز بھی کسی کام نہ آئے۔
مین آف دی میچ موزا ربانی نے آسٹریلین بیٹرز کو دھول چٹا دی اور 4 اوورز میں 17 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ زمبابوے نے آسٹریلیا کو 19 سال بعد ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں شکست دی۔ بیسویں گروپ میچ میں یو اے ای نے کینیڈا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔دہلی میں کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز سکور کیے ۔کینیڈا کی طرف سے ہرش ٹھاکر نے نصف سنچری سکور کی ۔یو اے ای نے 151 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا۔
یو اے ای کے اریانش شرما نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور شعیب خان 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ورلڈکپ کے 21ویں میچ میں امریکا نے نیدرلینڈز کو 93 رنز سے ہرا دیا۔چنئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے ۔ سائی تیجا مکّامالا نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شبھم رانجنے نے 24 گیندوں پر ناقابلِ شکست 48 رنز بنائے ۔ نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈے نے 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 103 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ہرمیت سنگھ نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔