شاہدخان آفریدی کی احمد شہزاد اور عمر اکمل کی حمایت
دونوں کھلاڑی فرنچائز کرکٹ میں موقع ملنے کے مستحق ہیں،سابق کپتان
لاہور(سپورٹس ڈیسک)سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد اور سابق کرکٹر عمر اکمل کی حمایت کر دی۔انہوں نے پی ایس ایل میں دونوں کھلاڑیوں کی عدم شمولیت پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کھلاڑی فرنچائز کرکٹ میں موقع ملنے کے مستحق ہیں۔ آفریدی نے کہا کہ ایسے کھلاڑیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کرنا مسئلہ بن جاتا ہے ، خصوصاً جب وہ مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہوں اور اپنی فٹنس برقرار رکھے ہوئے ہوں۔ان کا کہنا ہے کہ نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد توقع تھی کہ کچھ تجربے کار مقامی کرکٹرز کو موقع دیا جائے گا۔
شاہد آفریدی نے زور دیا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل دونوں باقاعدگی سے پریکٹس اور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لے رہے ہیں اور ماضی میں شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں، یہ معیاری کھلاڑی ہیں، انہیں اس حد تک نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے تھا، کم از کم ایک فرنچائز کو انہیں موقع دینا چاہیے تھا۔سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ اگر میں کسی فرنچائز کا مالک ہوتا تو میں دونوں کھلاڑیوں کو ضرور اپنی ٹیم میں شامل کرتا۔انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سینئر اور مزاج کے اعتبار سے مختلف کھلاڑیوں کو سنبھالنے کے لیے ٹیم مینجمنٹ ناگزیر ہے ۔