بھارت سے ورلڈ سنوکر کی میزبانی چھن جانے کا خطرہ
پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے نہ دینے پر انٹرنیشنل فیڈریشن کی بھارت کو وارننگ
نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک)بھارت سے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی چھن جانے کا خطرہ ہے ۔انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن نے بھارت کو آگاہ کر دیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے نہ دینے پر سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی بھارت سے واپس لی جا سکتی ہے ۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقادر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی بی ایس ایف نے کہا ہے پاکستانیوں کو ویزے نہ ملے تو چیمپئن شپ دوسرے ملک منتقل کر دیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آئی بی ایس ایف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا، 2024ء میں بھی بھارت کے ویزے نہ دیے جانے سے پاکستانی کھلاڑی ایونٹ میں نہیں جا سکے تھے ۔عبدالقادر نے بتایا کہ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے ، بھارت کے ویزے ملنے کے بعد ہم حکومتِ پاکستان کی ہدایت منتظر ہوں گے ، حکومت بھارت جانے کا کہے گی تو بھارت جائیں گے ورنہ نہیں جائیں گے ۔