فیفا کے 10 سال، انفنٹینو کا فٹ بال کی بحالی کا اعلان
ہم نے فٹ بال کو فیفا میں اور فیفا کو فٹ بال میں واپس لایا ہے ،صدر
زیورخ (سپورٹس ڈیسک)فیفا کے صدرجیانی انفنٹینو نے اپنی صدارت کے 10 سال مکمل ہونے کے موقع پر دنیا بھر کی 211 ممبر ایسوسی ایشنز کے صدور کو ایک خط لکھا ہے ، جس میں انہوں نے فٹ بال کی گورننس کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں ان کے غیر متزلزل تعاون کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ 26 فروری 2016 کو اپنے انتخاب کو یاد کرتے ہوئے ، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے دورِ اقتدار میں فیفا نے ایک ایسے بحران سے نجات حاصل کی جس نے ادارے کے وجود کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔ جیانی انفنٹینو کا کہنا ہے کہ ہم نے فٹ بال کو فیفا میں اور فیفا کو فٹ بال میں واپس لایا ہے اور یہ کامیابی اصلاحات، شفافیت اور ترقی کے اس نئے راستے کی مرہونِ منت ہے۔
جس کا انتخاب ممبر ممالک نے دس سال قبل کیا تھا۔اپنے خط میں صدر جیانی نے گزشتہ دہائی کی 11 کلیدی کامیابیوں کی فہرست پیش کی ہے ، جن میں سب سے نمایاں فیفا فارورڈ پروگرام کے تحت ممبر ایسوسی ایشنز کی فنڈنگ میں سات گنا اضافہ ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ سکیم کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے ، انتظامی شعبوں میں مہارت بڑھانے اور فیفا ایگزیکٹو سمٹس کے ذریعے فیصلہ سازی میں تمام ممالک کی شمولیت کو یقینی بنانے کا ذکر کیا۔