جنگی ماحول کے باوجود سپرلیگ کا میلہ بروقت سجے گا

جنگی ماحول کے باوجود سپرلیگ کا میلہ بروقت سجے گا

پی سی بی نے تمام ٹیموں کیساتھ ٹریننگ شیڈول شیئر کر لیا ،آسٹریلینز سمیت کسی غیر ملکی نے عدم دستیابی طاہر نہیں کی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کھلاڑیوں و آفیشلز کے لیے تھائی لینڈ، سنگاپور اور ٹرکش ایئرلائنز کا استعمال کیا جائے گا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)خطے میں جنگی ماحول کے باوجود کرکٹ کا میلہ بروقت سجے گا، پی سی بی نے پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے ساتھ ٹریننگ شیڈول شیئر کر لیا جس کے مطابق 24 اور 25 مارچ کو پلیئرز تیاریاں جانچیں گے ۔آسٹریلینز سمیت اب تک کسی غیر ملکی کھلاڑی نے اپنی فرنچائز یا بورڈ کو عدم دستیابی سے آگاہ نہیں کیا، حکام سب ہی کی آمد کے منتظر ہیں، تاحال پشاور کا واحد میچ بھی ‘‘آن’’ ہے ۔سپر لیگ کا افتتاحی مقابلہ 26 مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان ہوگا، ان دنوں مشرق وسطیٰ میں جنگ چھڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے فلائٹس کا شیڈول درہم برہم ہو چکا۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد بھارت سے ٹیموں کو وطن واپسی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

البتہ پی سی بی حکام کے مطابق انعقاد وقت پر ہوگا۔گزشتہ روز تمام ٹیموں کے ساتھ ٹریننگ کا شیڈول بھی شیئر کر لیا گیا جس کے مطابق 24 اور 25 مارچ کو پریکٹس سیشنز کا انعقاد ہوگا۔ 2، 2 ٹیمیں ایک وقت میں اپنی تیاریاں جانچیں گی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان آنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اب تک کسی کھلاڑی نے اپنی عدم دستیابی سے آگاہ نہیں کیا۔ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کھلاڑیوں و آفیشلز کے لیے تھائی لینڈ، سنگاپور اور ٹرکش ایئرلائنز کا استعمال کیا جائے گا۔ پلیئرز اور ایجنٹس کو سفری شیڈول ارسال کر دیا گیا ہے ، 23 مارچ کو کھلاڑی لاہور میں یکجا ہوں گے ۔ اس حوالے سے بورڈ ذرائع نے بتایا کہ اب تک کسی دوسرے ملک میں میچز کا خیال ہمارے ذہن میں نہیں آیا، ہمیں پوری امید ہے کہ ملک میں بروقت ایونٹ کا انعقاد ہو جائے گا، ہمیشہ کی طرح اس بار بھی کھلاڑیوں کو سربراہ مملکت کے برابر سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں