پی ایس ایل کراچی و لاہور میں بغیر تماشائیوں کے کرانے کا فیصلہ

پی ایس ایل کراچی و لاہور میں بغیر تماشائیوں کے کرانے کا فیصلہ

افتتاحی تقریب بھی منسوخ،شائقین کو ٹکٹ کے پیسے واپس کرینگے نقوی ، دستبردار کھلاڑیوں کیخلاف قانونی کارروائی،ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول کااعلان

 لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت پی ایس ایل 11 صرف کراچی اور لاہور میں بغیر تماشائیوں کے کرانے اور ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہوگا ، شائقین سے معذرت خواہ ہیں، ٹکٹ کے پیسے واپس کیے جائیں گے ، فرنچائز کو گیٹ منی پی سی بی دے گا، انہوں نے پی ایس ایل 11 سے دستبردار ہونیوالے کھلاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کچھ کھلاڑی لیگ سے علیحدہ ہو کر دیگر لیگز، خصوصاً انڈین پریمیئر لیگ میں شامل ہوئے ہیں، جس پر بورڈ نے سخت نوٹس لیا ہے ،دوسری طرف پی سی بی نے پی ایس ایل کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا۔ اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 11 کا میلہ 39 دن جاری رہے گا، تمام میچز لاہور اور کراچی میں یکساں تعداد میں ہوں گے ، قذافی سٹیڈیم اور نیشنل سٹیڈیم 22، 22 میچز کی میزبانی کرے گا۔ افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور حیدر آباد کنگز مین کے درمیان لاہور میں ہی ہوگا۔ ایلی منیٹر1 اور 2 لاہور میں ہونگے کوالیفائر کی میزبانی کراچی کرے گا جبکہ میگا کرکٹ ایونٹ کا فائنل بھی لاہور میں ہو گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں