سرفراز اور وہاب ریاض کو فرنچائزز سے الگ کرنے کا فیصلہ
این او سی واپس لیاجائے ،پی سی بی نے مفادات کے تصادم کی وجہ سے فیصلہ کیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پی سی بی نے اہم ذمہ داری نبھانے والے کل وقتی عہدیداروں کے فرنچائزز کے ساتھ کام کرنے کے معاملے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سابق کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بولر وہاب ریاض کو فرنچائزز سے الگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ سرفراز احمد اور وہاب ریاض فرنچائزز کے ساتھ منسلک نہیں رہیں گے ۔ سرفراز احمد اور وہاب ریاض کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ منسلک تھے ۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے دونوں سابق کرکٹرز کو جاری اجازت نامہ (این او سی) واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ سرفراز احمد مینز سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ وہاب ریاض پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے مینٹور ہیں۔خیال رہے کہ مفادات کے تصادم کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ سرفراز احمد اور وہاب ریاض دونوں مستقل بنیادوں پر پی سی بی سے وابستہ ہیں۔