ٹی ٹونٹی ، برازیل کی لارا کا اننگز میں 9وکٹیں لینے کا ریکارڈ
لاہور(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تاریخ رقم ہوگئی، برازیل ویمنز ٹیم کی فاسٹ بولر لارا کارڈوسو نے ورلڈ ریکارڈ بنادیا۔لارا کارڈوسو ایک اننگز میں 9وکٹیں حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی انٹرنیشنل کھلاڑی بن گئیں۔
افریقی ملک لیسوتھو ویمنز ٹیم کے خلاف میچ میں کارڈوسو نے صرف 4رنز دے کر 9وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل مینز کرکٹ میں بھوٹان کے سونم یشی نے 2025 میں 8 وکٹوں کا ریکارڈ قائم کیا تھا جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ انڈونیشیا کی روحمالیا کے پاس تھا جنہوں نے 7آؤٹ کیے تھے ۔ اس میچ میں برازیل نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 202رنز بنائے تھے جبکہ کارڈوسو کی بہترین بولنگ کے باعث لیسوتھو کی ٹیم صرف 13رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔