ملتان سلطانز کا حصہ بننا خواب کی تعبیر ہے :حمزہ ظہور
ملتان سلطانز کا حصہ بننا خواب کی تعبیر ہے :حمزہ ظہور سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنا ، ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی دکھانا چاہتا ہون،کرکٹر
لاہور(سپورٹس ڈیسک)ملتان سلطانز نے آئندہ پاکستان سپر لیگ سیزن کے لیے پاکستان انڈر19 ٹیم کے باصلاحیت وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور کو سکواڈ میں بطور لیٹ ایڈیشن شامل کر لیا ہے ۔ٹیم انتظامیہ کے مطابق ان کی شمولیت سے سکواڈ کو نہ صرف مضبوطی ملے گی بلکہ نوجوان توانائی اور حکمت عملی میں بھی لچک پیدا ہوگی،جو ٹورنامنٹ سے قبل تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔اس نئی شمولیت کے بعد ملتان سلطانز کا سکواڈ مکمل ہو کر22 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گیا ہے ۔ اپنے بیان میں حمزہ ظہور نے کہا کہ ملتان سلطانز کا حصہ بننا ان کے لیے ایک خواب کی تعبیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنا اور ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔دوسری جانب ملتان سلطانز کے سی ای او گوہر شاہ نے کہا کہ حمزہ ظہور ایک غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں جو ٹیم کے کلچر کے عین مطابق ہیں۔ ان کے مطابق وہ وکٹوں کے پیچھے نہایت مستعد اور بیٹنگ میں انتہائی متحرک ہیں۔