دوسرا ٹیسٹـ :قومی ٹیم کی بھر پور مشقیں ،دو بنگالی بیٹر ان فٹ
میچ کل سے شروع ہو گا ،بارش سے متاثر ہونیکا خدشہ ،قومی کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ سمیت نیٹ پر بولنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کی بنگلادیش کے بیٹرز شادمان اسلام اور محمود الحسن دوران فیلڈنگ انجری کا شکار ہوئے تھے ،ممکنہ متبادل پلیئر کے طور پر ذاکر حسین طلب
سلہٹ(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے تیاریاں شروع کر دیں ہیں۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم نے سلہٹ میں پہلا ٹریننگ سیشن کیا جس میں کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ سمیت نیٹ پر بولنگ اور بیٹنگ کی خوب پریکٹس کی۔پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل سے شروع ہو گا جبکہ دو میچز کی سیریز میں ہوم ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 104رنز سے شکست دی تھی۔پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں شکست کے بعد کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ دوسرے ٹیسٹ میں غلطیاں نہ دہرائیں۔دوسری جانب میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ جمعرات سے شروع ہونے والی بارش پورے ہفتے جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔دوسرے میچ سے قبل بنگلادیش کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق اوپننگ بیٹرز شادمان اسلام اور محمود الحسن ان فٹ ہوگئے ۔ دونوں کھلاڑی میرپور ٹیسٹ میں دوران فیلڈنگ انجری کا شکار ہوئے تھے ۔ رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ممکنہ متبادل کھلاڑی کے طور پر ذاکر حسین کو طلب کرلیا ہے ۔ ذاکر حسین نے سلہٹ میں ٹیم کے ہمراہ ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ لیا۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بی سی بی شادمان اسلام اور محمود الحسن کی فٹنس کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔خیال رہے کہ میرپور ڈھاکہ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دی تھی۔