پروہاکی لیگ میچز،20رکنی سینئر قومی مینز ٹیم کا اعلان

پروہاکی لیگ میچز،20رکنی سینئر قومی مینز ٹیم کا اعلان

سکواڈ کا اعلان نیشنل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر پی ایچ ایف صدر کی منظوری کے بعد کیا گیا،متبادل کا اعلان الگ سے کیا جائے گا سکواڈ میں دو گول کیپر وقار،علی رضا ،ڈیفنڈرز میں ابو بکر، ارباز ، عبداللہ،سفیان،مڈفیلڈرز میں ندیم ، عماد ، معین و دیگر شامل

اسلام آباد(سپورٹس رہورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیلجیم اور انگلینڈ میں شیڈول آئندہ ایف آئی ایچ پرو لیگ میچز کے لیے 20 رکنی فائنل پاکستان سینئر مینز ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔ قومی سکواڈ کا اعلان نیشنل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر پی ایچ ایف صدر کی منظوری کے بعد کیا گیا۔ سلیکشن کا عمل ٹرائلز کے بعد مکمل طور پر شفاف انداز میں انجام دیا گیا، جہاں ابتدائی طور پر 21 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جس کے بعد خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر سکواڈ کو 20 کھلاڑیوں تک محدود کیا گیا۔ متبادل (ریزرو) کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان سلیکشن کمیٹی کی جانب سے الگ سے کیا جائے گا۔اعلان کردہ 20 رکنی سکواڈ میں دو گول کیپرز وقار اور علی رضا شامل ہیں جبکہ ڈیفنڈرز میں ابو بکر، ارباز احمد، محمد عبداللہ اور سفیان خان کو شامل کیا گیا ہے ۔ مڈفیلڈرز میں ندیم خان، عماد شکیل بٹ، معین شکیل، حماد انجم اور زکریا حیات شامل ہیں۔ سٹرائیکرز الیون میں غضنفر علی، محمد عماد، رانا ولید، عبدالرحمٰن، افراز خان، رانا وحید، احمد ندیم، ارشد لیاقت اور حنان شاہد پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ قومی ٹیم کو پرو لیگ کے لیے بہترین انتظامی، مالی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے ۔ کھلاڑیوں کا روزانہ کا وظیفہ بڑھا کر 110 امریکی ڈالر فی کھلاڑی کر دیا گیا ہے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ کے دوران سخت محنت کی ہے اور روانگی تک ان کی مشقیں جاری رہیں گی۔ انگلینڈ اور بیلجیم میں ایف آئی ایچ پرو لیگ میچز میں شرکت سے قومی کھلاڑیوں کو بہترین بین الاقوامی ایکسپوژر اور تجربہ حاصل ہوگا، جو کہ آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں