ملکی تاریخ میں پہلی بار ہاکی کوچز کی تربیت کیلئے کورسز
ملکی تاریخ میں پہلی بار ہاکی کوچز کی تربیت کیلئے کورسز شریک کوچز کو جدید کوچنگ اور نئے قوانین بارے آگاہی فراہم کی جائے گی
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)پاکستان میں ہاکی کھیل کے فروغ کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی کے ویژن کے مطابق ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہاکی کے کوچز کی تربیت کے لیے کوچنگ کورسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ قومی کھیل ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے اور کوالیفائیڈ کوچز کی تیاری کے لیے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی اور ایشین ہاکی فیڈریشن کی معانت سے کو چنگ کورس کا نصاب تیار کرکے پاکستانی کوچز کو تربیت دی جائے گی۔
اس ضمن میں پی ایچ ایف کے سینئر آفیشل اور انٹرنیشنل ہاکی کے کوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ ملک میں ہاکی کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے کوچز کا کوالیفائڈ ہونا ضروری ہے ۔ اس حوالے سے نیا نصاب تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، وہاڑی، گوجرہ، لاہور، ملتان، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پشاور، کراچی، حیدر آباد، کوئٹہ، سوات اور ایبٹ آباد میں کوچنگ کوسز کروائے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عید کے بعد کوچز کی رجسٹریشن کی جائے گی اور کورس میں شریک کوچز کو جدید کوچنگ اور نئے قوانین کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔