حج ذاتی فیصلہ ،روح میں چنگاری جلتی رہے گی :وسیم اکرم
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے حج کی ادائیگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بیان جاری کر دیا۔
سوشل میڈیا پر پیغام میں انہوں نے لکھا ہے کہ الحمد للّٰہ! اللّٰہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے مجھے حجِ بیت اللّٰہ کی سعادت سے نوازا۔وسیم اکرم نے لکھا ہے کہ بہت سے لوگوں نے قیاس و گمان کیا کہ یہ سفر کس نے کروایا اور کیسے ہوا، مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ میرا خالص ذاتی فیصلہ تھا۔ میں نے اپنے دل میں ایک روحانی منزل پائی جہاں حج کا فرض ادا کرنا ضروری ہو گیا، اس مقدس سفر نے میری روح میں ایک ایسی الٰہی چنگاری روشن کر دی ہے جو ہمیشہ جلتی رہے گی۔سابق کرکٹر نے مزید لکھا کہ دعا ہے کہ میرے جیسے بہت سے بھائی اور بہنیں بھی اس روحانی سفر کا حوصلہ کریں، حج کی سعادت حاصل کریں اور اسی لُطفِ الٰہی سے سرشار ہوں۔