فیفا ورلڈکپ:امریکا کا ایران کے15رکنی وفد کو ویزا دینے سے انکار
ٹیم ایڈمنسٹریشن اور مینجمنٹ ارکان کے ویزوں میں مسائل درپیش :ایرانی میڈیا، ورلڈکپ فرانس جیتے گا،برازیل ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہے گی :سروے
لاہور(سپورٹس ڈیسک )امریکا نے فیفا ورلڈ کپ کے لیے ایران کے 15 رکنی وفد کو ویزا دینے سے انکار کردیا ،ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کی فٹ بال ٹیم کے پلیئرز اور ٹیکنیکل سٹاف کے ویزے جاری کرد یئے ہیں تاہم ٹیم کی ایڈمنسٹریشن اور مینجمنٹ ارکان کے ویزوں میں مسائل درپیش ہیں۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا کی طرف سے تاحال ویزے جاری نہیں کیے گئے ہیں۔دوروزقبل ایرانی فٹ بال ٹیم کے پلیئرز کو امریکا میں داخلے کے ویزے جاری کیے گئے تھے ۔دریں اثنا عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے ایک تازہ سروے میں ماہرین اقتصادیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی فرانس جیتے گا جبکہ پانچ بار کی چیمپئن برازیل سب سے زیادہ مایوس کن ٹیم ثابت ہو سکتی ہے ۔160 ماہرین نے دنیا کے مختلف خطوں سے اس رائے میں حصہ لیا جسے ہر چار سال بعد کرایا جانے والا ایک خاص سروے کہا جاتا ہے ۔48 ٹیموں اور 104 میچوں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ پہلی بار تین ممالک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہو گا۔سروے میں فرانس نے 35 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ سپین کو 31 فیصد ووٹ ملے ۔ اگر یہ نتائج حقیقت بنیں تو یورپ دوبارہ عالمی کرکٹ کی چوٹی پر پہنچ جائے گا۔فرانس کے کوچ ڈیدیئر ڈیشامپس دو بار ورلڈ کپ جیتنے والے پہلے کوچ بن جائیں گے اور وہ 1998 میں بطور کھلاڑی بھی ٹرافی جیت چکے ہیں۔سروے میں ارجنٹائن، پرتگال اور انگلینڈ کو بھی ٹاپ پانچ ٹیموں میں شامل کیا گیا۔کائلان ایمباپے کو سروے میں نہ صرف بہترین کھلاڑی بلکہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر کا دعویدار بھی قرار دیا گیا ہے جبکہ انگلینڈ کے ہیری کین نے ان سے محض معمولی فرق سے پیچھے رہ گئے ۔برازیل کے بارے میں رائے منفی رہی جہاں تقریباً ایک تہائی ماہرین نے انہیں سب سے زیادہ مایوس کن ٹیم قرار دیا۔ناروے ، جاپان اور دیگر ٹیموں کو سروے میں حیران کن نتائج دینے والی ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے ۔