ارشد ندیم کی ٹریننگ شروع، ڈائمنڈ لیگ میں شرکت غیر یقینی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور ارشد ندیم ارشد ندیم نے حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد کوچ سلمان اقبال بٹ کی نگرانی میں پنجاب سٹیڈیم لاہور میں دوبارہ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
جبکہ دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں انکی شرکت غیر یقینی ہے ، ٹریننگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اولمپیئن ارشد ندیم نے کہا کہ 19 جون کو ہونے والی دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں شرکت کا فیصلہ ابھی نہیں کیا ہے ، آئندہ 8 سے 10 روز میں کروں گا۔ ٹریننگ کے بعد دیکھوں گا کہ کہاں کھڑا ہوں پھر فیصلہ کریں گے ۔ حال ہی میں سری لنکا کے جیولن تھرور کی 92 میٹر سے زائد تھرو نے مزید متحرک کیا ہے ، مقابلہ بڑھ گیا ہے اسی طرح اب ٹریننگ بھی کرنا ہے ۔ مجھے جوانی میں حج نصیب ہوا، میں خوش قسمت ہوں، حج کی ادائیگی کے بعد خود کو بہت ہلکا محسوس کر رہا ہوں، ٹریننگ دوبارہ شروع کی ہے اور ایسا لگ رہا ہے جیسے جہاں سے چھوڑا تھا وہیں سے آغاز کیا ہے ،سیزن میں بہت اہم ایونٹس ہیں، میرا فوکس ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور ورلڈ ایتھلیٹکس الٹی میٹ چیمپیئن شپ پر ہے ۔