پاکستان کرکٹ بورڈ کا سینٹرل کنٹریکٹ کو سامنے نہ لانے کا فیصلہ
سینٹرل کنٹریکٹ کتنے کھلاڑیوں کو اور کس کیٹیگری میں ملے گا، خفیہ رکھا جائے گا، کھلاڑیوں کی تعداد اور ان کی تقسیم سلیکشن کا معاملہ کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی تینوں فارمیٹ کیلئے اہل ہونگے ،ضرورت پڑنے پر کسی بھی پلیئرکو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے ،ذرائع
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کو سامنے نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کنٹریکٹ کتنے کھلاڑیوں کو اور کس کیٹیگری میں ملے گا، خفیہ رکھا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ہر ٹریک میں دئیے جانے والے کنٹریکٹس کو منظرِ عام پر نہیں لایا جائے گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد اور ان کی تقسیم سلیکشن کا معاملہ ہے ۔سینٹرل کنٹریکٹس والے کھلاڑیوں کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں مختلف شرائط بھی رکھی گئی ہیں، کنٹریکٹڈ کھلاڑیوں کو ان کے ٹریک کے لحاظ سے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹونٹی کے میچز کھیلنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میچز کھیلنے کی تعداد کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا، کھلاڑیوں کو فرسٹ کلاس کے 5اور لسٹ اے کے میچز 10تک رکھنے کا امکان ہے ۔انٹرنیشنل اسائمنٹ نہ ہونے پر بھی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے دستیاب رہنے کا کہہ دیا ہے ، سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑی تینوں فارمیٹ کھیلنے کیلئے اہل ہونگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر کسی بھی ٹریک کے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔