اوول ٹیسٹ،سلو اوور ریٹ پر انگلینڈ 12 پوائنٹس سے محروم
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ بھی کیا
اوول (سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر انگلینڈ کو 12 قیمتی پوائنٹس سے محروم کر دیا گیا ہے ۔دی اوول میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کو 253 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔میچ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فیصلہ سنایا کہ انگلش ٹیم مقررہ ہدف سے 12 اوورز پیچھے رہی جس کے باعث اس کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس کاٹے گئے اور کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق قائم مقام کپتان جو روٹ نے خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزا قبول کر لی جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔پوائنٹس کٹنے کے بعد انگلینڈ کا پوائنٹس فیصد 34.72 سے کم ہو کر 26.39 رہ گیا ہے ، تاہم ٹیم اب بھی ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیا اور جنوبی افریقا فی الحال سرفہرست دو ٹیمیں ہیں جو اگلے سال لارڈز میں ہونے والے فائنل کی دوڑ میں آگے ہیں۔انگلینڈ کے مستقل کپتان بین سٹوکس تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں واپسی کریں گے ۔سٹوکس اور فاسٹ بولر گس ایٹکنسن لندن میں کرفیو کی خلاف ورزی کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے تھے۔