نیا ورلڈ ریکارڈ ، کوئی ٹیم سپین کیخلاف برتری حاصل نہ کر سکی
سپین کے خلاف ورلڈ کپ میں صرف ایک گول ہی سکور ہوسکا، فٹبال کا بیک وقت مینز اور ویمنز ورلڈ چیمپئن بننے والا پہلا ملک بن گیا کامیابی پر 5کروڑ امریکی ڈالر کی خطیر انعامی رقم دی گئی ،تاریخی فتح نے میڈرڈ سمیت مختلف شہروں کو جشن کے عظیم منظر میں بدل دیا
نیوجرسی(سپورٹس ڈیسک )سپین نے فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ کے کئی منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لئے ۔نیویارک کے نیوجرسی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا فٹبال ورلڈ کپ فائنل میں سپین نے ارجنٹینا کے خلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کی اس جیت کے ساتھ سپین نے فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔وہ پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک گول دے کر اعزاز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔سپین کے خلاف ورلڈ کپ میں صرف ایک گول سکور ہوا۔ 8 میچز میں کوئی بھی ٹیم سپین کے خلاف برتری حاصل نہ کرسکی۔ علاوہ ازیں فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو شکست د ینے کے بعد ورلڈکپ چیمپئن بننے والے سپین نے ایک اور منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔اس کامیابی کے ساتھ سپین فٹبال کا بیک وقت مینز اور ویمنز ورلڈ چیمپئن بننے والا پہلا ملک بن گیا۔سپین نے 2023 میں ویمنز کا فٹبال ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔
سپین کو اس تاریخی کامیابی پر 5 کروڑ امریکی ڈالر کی خطیر انعامی رقم دی گئی جو گزشتہ ورلڈ کپ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے ۔ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر انعام میں دئیے گئے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور چوتھے نمبر پر رہنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ملے ۔ سپین کی تاریخی فتح نے دارالحکومت میڈرڈ سمیت مختلف شہروں کو جشن کے ایک عظیم منظر میں بدل دیا۔شدید گرمی، رات کا وقت اور اگلے روز کام کی پروا کیے بغیر لاکھوں شائقین سڑکوں، چوراہوں، پارکوں اور عوامی مقامات پر جمع ہوئے اور جیسے ہی سپین نے عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا شہر نعروں سے گونج اٹھا، سرخ اور زرد پرچم تھامے ہزاروں افراد بڑی بڑی سکرینوں کے سامنے موجود رہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments