قومی ہاکی پلیئرز کو ورلڈکپ کیلئے ایڈوانس ڈیلی الاؤنس مل گیا
2کروڑ روپے کی رقم کھلاڑیوں او رکوچز کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کردی گئی پی ایچ ایف نے ورلڈکپ میں شرکت کیلئے دیگر ضروری انتظامات مکمل کرلئے
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کے بینک اکاؤنٹس میں 2 کروڑ روپے کا فارن ڈیلی الاؤنس پیشگی طور پر منتقل کر دیا ۔ایڈوانس ادائیگی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ دورے کے دوران کھلاڑی اور آفیشلز مالی طور پر آسودہ رہیں اور اپنی تمام تر توجہ ورلڈ کپ میں اپنی تیاریوں اور کارکردگی پر مرکوز رکھ سکیں۔پیشگی ڈیلی الاؤنس کے علاوہ پی ایچ ایف نے ٹیم کی شرکت کیلئے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
جن میں بین الاقوامی فضائی ٹکٹس، معیاری ہوٹل میں رہائش و طعام، مقامی ٹرانسپورٹ، تربیتی سہولیات، لاجسٹکس اور کھیل کے سامان کی منتقلی شامل ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کی فلاح و بہبود اور سہولیات فیڈریشن کی اولین ترجیح ہے ،کھلاڑیوں اور کوچز کو صرف کھیل پر توجہ دینی چاہئے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کی تیاریوں کو مضبوط بنانے میں مسلسل تعاون پر سپانسرز، معاونین اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments