تیسرے ٹیسٹ کا آج آغاز، بابر بہترین کمبی نیشن کیلئے پرامید

تیسرے ٹیسٹ کا آج آغاز، بابر بہترین کمبی نیشن کیلئے پرامید

تبدیلیوں سے متعلق بورڈ نے جو فیصلہ کیا، سوچ سمجھ کر ہی کیا ہوگا،خواہش ہے کہ اچھے انداز میں سیریز کا اختتام کریں، قومی کپتان مقابلہ آسان نہیں ہوگا ، ہم اچھی کرکٹ کھیل کر بڑا سکور بنائیں گے ، پاکستان ایک کمزور اور آسان ٹیم ہے والا تاثر غلط ہے ،جو روٹ

لندن (سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ آج سے 13ستمبر تک ایجبسٹن،برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے ۔ پاکستان ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم مینجمنٹ میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق کہا کہ کرکٹ بورڈ نے جو فیصلہ کیا، سوچ سمجھ کر ہی کیا ہوگا۔

انگلینڈ کے خلاف لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کپتان بابر اعظم پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے ۔بابر نے تیسرے ٹیسٹ کی ٹیم سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کس کامبی نیشن کے ساتھ کھیلنا ہے یہ تقریباً طے کر چکے ہیں۔ ہم کنڈیشنز کے اعتبار سے بہترین ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔لارڈز ٹیسٹ کے اختتام پر 7 کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کے سوال پر کپتان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے جو فیصلہ ہے، کچھ سوچ کر ہی کیا ہوگا۔ وہ اس متعلق مزید بہتر بتا سکتے ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ لارڈز ٹیسٹ میں ٹیم نے کسی شعبے میں متاثر کن کھیل پیش نہیں کیا۔انہوں نے پریس کانفرنس میں مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درست ہے کہ ہم سیریز ہار چکے ہیں، تاہم خواہش ہے کہ اچھے انداز میں سیریز کا اختتام کریں، لہٰذا بطور ٹیم اچھی اور مثبت کرکٹ کیساتھ سیریز کا اختتام کرنا چاہیں گے ۔ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ کا مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔ جو روٹ نے کہا کہ تمام توجہ کا محور اگلے پانچ دن ہونگے ، جہاں ہم بڑا سکور بنا کر اچھی کرکٹ کھیلنے کی خواہش کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایجبسٹن میں نیا میدان نئی گیند اور نیا میچ ہوگا۔ جو روٹ نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ پاکستان ایک کمزور اور آسان ٹیم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...