سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز،3نئے کرکٹر پاکستان سکواڈ میں شامل

سری  لنکا  کیخلاف  ٹیسٹ  سیریز،3نئے  کرکٹر  پاکستان  سکواڈ  میں  شامل

بابراعظم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2میچز کیلئے اعلان کردہ 14رکنی سکواڈ کے کپتان برقرار،محمد طحہٰ ،سمیر منہاس اور سلیمان ڈیبیوکرینگے سعد بیگ 3 روزہ وارم اپ میچ کیلئے 13رکنی سکواڈ کے کپتان مقرر،بہترین کارکردگی دکھانے والے 2فاسٹ باؤلر کو ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنایاجائیگا

لاہور ،اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دو میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے 14 رکنی ابتدائی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا، بابر اعظم ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ محمد طٰحہ، سمیر منہاس اور محمد سلیمان کو پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ،تین روزہ پریکٹس میچ کیلئے بھی 13رکنی پیٹرنز سکواڈ کا اعلان کیا گیاہے جس کی قیادت سعد بیگ کرینگے ۔ اعلان کردہ 14 رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ سمیر منہاس، محمد طٰحہ، محمد سلیمان، عبداللہ فضل، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، رضااللہ، سعود شکیل، وکٹ کیپرز غازی غوری اور سعد بیگ، سلمان علی آغا اور علی عثمان شامل ہیں ۔سمیر منہاس، محمد طٰحہ اور محمد سلیمان کو پہلی دفعہ قومی ٹیسٹ ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے ، 26 سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹر محمد طٰحہ نے پریزیڈنٹ ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں سات میچز کے دوران 730 رنز بنائے جن میں تین سنچریاں اور 225 رنز کی بہترین اننگز شامل ہے ۔ محمد سلیمان 652 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے نمایاں بیٹرز میں شامل ہیں جبکہ سمیر منہاس نے اپنے پہلے فرسٹ کلاس سیزن میں 7 میچز کے دوران 405 رنز سکور کئے ۔وارم اپ میچ کیلئے سعد بیگ کی کپتانی میں تشکیل دئیے گئے 13 رکنی پیٹرنز سکواڈ میں عبداللہ فضل، علی عثمان، اذان اویس، محمد سلیمان، محمد طٰحہ، سمیر منہاس، طیب عارف ،محمد سلمان، شعیب اختر جونیئر، علی شبیر، ثاقب خان اور عبید شاہ شامل ہیں۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔تین روزہ وارم اپ میچ 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں کھیلا جائے گا ،وارم اپ میچ کے اختتام پر پیٹرنز سکواڈ سے مزید دو فاسٹ باؤلرز کو قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...