گاڑیوں کیلئے توانائی سے بھرپور ‘‘پاور پیسٹ’’ تیار
جرمنی میں فرانہافر انسٹی ٹیوٹ نے ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کیلئے ٹوتھ پیسٹ جیسا سرمئی ‘‘پاور پیسٹ’’ ایجاد کرلیا ہے
برلن(نیٹ نیوز)جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ یہ روایتی لیتھیم بیٹری کے مقابلے میں دس گنا زیادہ توانائی ذخیرہ کرسکتا ہے ۔ پاور پیسٹ کو عام دباؤ اور درجہ حرارت پر بہ آسانی محفوظ کیا جاسکتا ہے ۔ پاور پیسٹ سے توانائی حاصل کرنے کیلئے ایک خاص نظام کے تحت اسے ایک چیمبر میں پہنچا کر پانی کے ساتھ اس کا کیمیائی تعامل کروایا جاتا ہے جس سے ہائیڈروجن گیس خارج ہوتی ہے ۔یہاں سے یہ ہائیڈروجن گیس ایک فیول سیل میں پہنچا دی جاتی ہے جہاں اسے آکسیجن کے ساتھ ملا کر پانی بنایا جاتا ہے جس سے حرارت کی شکل میں توانائی خارج ہوتی ہے ۔ پھر اسی حرارت کو بجلی میں تبدیل کرکے استعمال کرلیا جاتا ہے ۔