محاذ جنگ کے دوران یوکرینی فوجی کی ساتھی خاتون اہلکار سے شادی
کیف(نیٹ نیوز )روسی افواج کی بمباری کے دوران یوکرینی فوجی نے اپنی ساتھی اہلکار کے ساتھ شادی کرلی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کی فوج کے علاقائی دفاع کی بریگیڈ 112 کی اہلکار لیسیا نے اپنے ساتھی اہلکار والیری سے محاذ جنگ کے دوران شادی کرلی جس میں مہمان بھی فوجی اہلکار تھے ۔
جنگ کے لیے ہر وقت تیار فوجی وردی میں ملبوس دلہا اور دلہن نے نے ایک دوسرے کو ہار پہنائے اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جب کہ دلہن کو روایتی سفید دوپٹہ کے بجائے فوجی ہیلمٹ پہنایا گیا۔شادی کی رات فوجی کیمپ میں گزارنے والی اس انوکھی جوڑی کا کہنا ہے کہ ملکی دفاع گھر داری سے بھی بڑی ذمہ داری ہے ۔ اپنے فرض سے کبھی غافل نہیں ہوں گے ۔ ساتھی اہلکاروں نے بھی نوبیاہتا فوجی جوڑے کے جذبوں کو سراہا۔قبل ازیں 26 فروری کو بھی یوکرین میں ایک جوڑا عین اُس وقت شادی کے بندھن میں بندھا تھا جب وہاں بمباری ہورہی تھی۔ اس جوڑے کی شادی مئی میں ہونا تھی لیکن جنگ شروع ہوتے ہی انھوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔