گلے کا برقی ہار جو کئی بیماریوں کی شناخت کرسکتا ہے
اوہایو(نیٹ نیوز)امریکی ماہرین نے کسی بیٹری کے بغیر چلنے والا ایک بہت حساس ہارنما آلہ بنایا ہے جسے گلے میں پہنا جا سکتا ہے ۔
اس میں لگے سینسر پسینے کی معمولی مقدار میں بھی بایومارکر نوٹ کرکے مختلف امراض کی شناخت کر سکتے ہیں۔اوہایو سٹیٹ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اسے تیار کیا ہے جس کی تفصیلات سائنس ایڈوانسس نامی جرنل میں شائع ہوئی ہے ۔ اسے کئی مریضوں پر کامیابی سے آزمایا بھی گیا اور رضاکاروں کے پسینے سے خون میں شکر کی مقدار کامیابی سے معلوم کی ہے ۔سمارٹ نیکلیس میں کسی قسم کی بیٹری نہیں بلکہ یہ ارتعاشی سرکٹ سے کام کرتا ہے جو بیرونی ریڈار سے ریڈیو فری کوئنسی سگنل سے بجلی بناتا ہے ۔ گلوبند سینسر کی خالق پروفیسر جنگہوا لائی کہتی ہیں کہ اگر پسینے کے اجزا اور کیمیکل ناپنے والے حساس سینسر کسی طرح بنائے جائیں تو وہ ایک تشخیصی لیبارٹری کا کردار ادا کرتے ہوئے بہت سی بیماریوں کی خبر دے سکتے ہیں۔