آٹھ ماہ بعد سمندر میں گرا کیمرا صحیح سلامت برآمد

ٹورنٹو(نیٹ نیوز)کینیڈا میں وکٹوریا کے ساحل پر سمند میں گر جانے والا کیمرا آٹھ ماہ بعد غوطہ خور نے ڈھونڈ نکالا۔ طویل عرصے تک پانی میں رہنے کے باوجود فلمائی گئی ویڈیوز کو کچھ نقصان نہیں پہنچا۔
غوطہ خور کین کیئلے نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ اوگڈن پوائنٹ پر غوطہ خوری کر رہے تھے جب انہیں پانی کی سطح سے 30 فٹ نیچے گو پرو کیمرا ملا۔انہوں نے دیکھا کہ ڈیوائس میں پانی جانے کے باوجود ایس ڈی کارڈ اپنی جگہ موجود تھا اور اس میں متعدد ویڈیوز بھی تھیں جن میں کیمرا مالک کے سر سے پانی میں گرنے کی ویڈیو بھی شامل تھی۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب کیمرا پانی میں گرا تو اس کا منہ اوپر کی جانب تھا اور تھوڑی دیر بعد کیمرا کی جانب کیکڑے کے آنے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے ۔