خلا سے واپسی پر خلانوردوں میں بینائی کے شدید مسائل
نیو یارک(نیٹ نیوز)خلانوردوں کے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے اپنا مشن مکمل کر کے لوٹنے پر بینائی میں تبدیلی واقع ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے ۔۔
طویل مدتی مشن پر گئے تقریباً 70 فی صد خلانورد اس مسئلے کا شکار ہوتے ہیں۔تاہم، امریکی خلائی ادارے ناسا کے سائنس دان یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ خلا میں وزن کا کم ہونا کس طرح ہماری دیکھنے کی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے ۔اس مسئلے کی نشان دہی ڈاکٹر سارہ جانسن نے پہلی بار خلائی سٹیشن سے اپنے چھ ماہ کا مشن مکمل کر کے لوٹنے پر کی۔ انہوں نے بتایا کہ لانچ سے قبل جو تحریر ان کو بالکل صاف نظر آتی تھی، وہ بعد میں دھندلی نظر آنے لگی۔یہ مسئلہ صرف سارہ کے ساتھ ہی پیش نہیں آیا بلکہ خلانورد مسلسل بنیادوں پر پڑھنے میں مشکل، دور کی دھندلی نظر اور بینائی میں دیگر تبدیلیاں بتاتے ہیں جو کہ ان کے زمین پر واپس آنے کے برسوں بعد تک انہیں متاثر کرتی ہیں۔