زیر علاج بیوی کیلئے 105 دنوں تک روزانہ 12 گھنٹے سفر
بیجنگ(نیٹ نیوز)چین سے تعلق رکھنے والے ایک معمر شخص نے انٹرنیٹ صارفین کے دلوں کو اس وقت جیت لیا جب انہیں یہ معلوم ہوا کہ وہ روزانہ آدھا دن سفر میں گزار کر ہسپتال میں بیمار اہلیہ کی نگہداشت کرتے رہے ہیں۔
صوبہ Zhejiang کے علاقے زوشان سے تعلق رکھنے والے 82 سالہ چِن اکونگ 105 دنوں تک روزانہ ہسپتال جاکر آئی سی یو میں زیرعلاج اہلیہ کو دیکھنے کے لیے 12 گھنٹوں کا سفر کرتے رہے۔ چِن اکونگ اور ان کی اہلیہ شوئی کی شادی کو 50 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ ایک سال قبل شوئی کو فالج کے دورے کا سامنا ہوا اور اس کے فوری بعد نمونیا نے انہیں ہدف بنایا جس کے باعث انہیں ایک سال سے قریبی علاقے Ningbo میں واقع ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔ان کا بیٹا اپنی ملازمت کے باعث ماں کے پاس جانے سے قاصر تھا تو چِن اکونگ نے خود اپنی اہلیہ کی نگہداشت کا فیصلہ کیا۔