ڈر یا جوش میں رونگٹے کیوں کھڑے ہو جاتے ہیں
لاہور(نیٹ نیوز)ہم سب نے زندگی میں کبھی نہ کبھی محسوس کیا ہے کہ کسی ڈراؤنی فلم کو دیکھتے ہوئے ،
سردی لگنے پر یا کسی جذباتی گانے کو سنتے وقت اچانک ہماری جلد پر چھوٹے چھوٹے ابھاربن جاتے ہیں اور بال کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اسے عام زبان میں ‘رونگٹے کھڑے ہونا’ کہا جاتا ہے ۔ سائنس کی ایک دلچسپ حقیقت ہے جو ہمارے جسم کے ارتقائی ماضی سے جڑی ہوئی ہے ۔ ماہرین کے مطابق، ڈر، جوش یا شدید جذبات میں رونگٹے کھڑے ہونا ایک فطری ردعمل ہے جو ہارمونز اور پٹھوں کی مدد سے پیدا ہوتا ہے ۔انسان کی جلد کے نیچے ہر بال کی جڑ کے پاس ایک چھوٹا عضلہ یا پٹھا موجود ہوتا ہے جسے ایریکٹر پائیلی کہتے ہیں۔ جب ہم ڈر یا جوش کا شکار ہوتے ہیں تو دماغ کا ایمگڈالا حصہ فوری طور پر ہارمون ایڈرینالین خارج کرتا ہے ۔ یہ ہارمون پٹھوں کو سکڑنے پر مجبور کر دیتا ہے ، جس سے بال کھڑے ہو جاتے ہیں۔