پاکستان نے چاند پر پہنچنے میں ناسا کی مدد کیسے کی؟
لاہور(نیٹ نیوز)پاکستانی خلائی سائنس دان ڈاکٹر طارق مصطفی نے انکشاف کیا ہے کہ چاند پر انسان کو اتارنے کے امریکی اپالو مشن کی تیاری میں پاکستان نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
ان کے مطابق پاکستان نے بحرِ ہند کی بالائی فضا سے متعلق اہم سائنسی معلومات ناسا کو فراہم کیں، جنہوں نے اپالو پروگرام کو کامیاب بنانے میں معاونت کی۔ ڈاکٹر طارق مصطفیٰ کے مطابق اپالو مشن کی تیاری کے دوران امریکی سائنس دانوں کو معلوم ہوا کہ بحرِ ہند کے علاقے کی بالائی فضا سے متعلق معلومات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ راکٹ کو زمین کے مدار سے نکل کر چاند کی طرف روانہ کرنے کیلئے ان معلومات کی اشد ضرورت تھی۔انہوں نے بتایا کہ ناسا نے بحرِ ہند سے ملحقہ ممالک کو راکٹ رینج قائم کرنے اور حاصل ہونے والا ڈیٹا شیئر کرنے کی پیشکش کی جس کا سب سے پہلے جواب پاکستان نے دیا۔