"HNC" (space) message & send to 7575

پرویز مشرف مقدمہ ؟

سوشل میڈیا پر دوستوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے حوالہ سے میری تحریریں انہیں ’’ڈی مورلائز ‘‘ کیے دے رہی ہیں۔ اپنے ان دوستوں اور بھائیوں کی خدمت میں عرض ہے کہ میری پہلی اور آخری کمٹمنٹ صرف اور صرف پاکستان کے ساتھ ہے، کسی فرد یا انسان کے ساتھ نہیں۔ دوسری بات یہ کہ ہرنئی خبر خود مجھے بری طرح’’ ڈی مورلائز ‘‘کرتی ہے تو کیا میں اسے اپنے قارئین اور پی ٹی آئی سپورٹرز کے ساتھ دیانتداری سے شیئر نہ کروں ؟ کیا میں معصوم اور مخلص ترین پاکستانیوں کو اندھیرے میں رکھوں؟ ذرا یہ تازہ ترین اخباری خبر ملاحظہ فرمائیں اور پھر سوچیں کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی ہمدرد کے دل پر یہ خبر پڑھ کر کیا گزری ہوگی۔ سرخی ہے ۔’’نیب نے تحریکِ انصاف کے امیدوار کے وارنٹ جاری کردیئے‘‘ ’’لاہور (این این آئی) نیب نے پاکستان تحریکِ انصاف کے ٹکٹ ہولڈر سعید احمد قریشی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ان پر کرپشن اور دھوکہ دہی کے الزامات ہیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف نے سعید قریشی کو پی پی 197ملتان سے ٹکٹ دیا ہوا ہے۔ ‘‘ آپ خود فیصلہ کرلیں کہ ایسی خبروں کی یلغار پی ٹی آئی کے کسی بھی جینوئن ہمدرد کے دل پر کیسے کیسے زخم لگاتی ہوگی۔ ادھر پی ٹی آئی پنجاب کے صدر کے ہاتھوں سے ٹکٹ صرف اس لیے پھسل گئی کہ حضرت صاحب بینک ڈیفالٹر ہیں۔ ایسے میں دوستوں، ہم خیالوں کو اعتماد میں لینا، انہیں ان زہریلے حقائق سے خبردار کرنا بلکہ خود عمران خان کو خبردار کرنا میرا فرض ہے۔ جن کے ساتھ زیادتی یا واردات ہوئی، ان کے حق کی خاطر آواز اٹھانا ہی تو اصل اور مشکل کام ہے ورنہ مٹھ رکھنا اور ہم فکروں وہم خوابوں کو بے خبر رکھنا تو سہل اور محفوظ ترین ایکسر سائز ہے۔ ایسے ہی رویوں نے ہمیں برباد کیا کہ لیڈر دیوتا جو فیصلہ کرے، اندھوں بہروں کی طرح قبول، وہ وارداتیوں کے نرغے میں گھر جائے تو اسے اس حصار سے نکالنے کی بجائے میراثیوں کی طرح واہ واکرنا بھی صحیح لیکن جب بھاشن سننے سنانے کی بات ہوتو فخر سے کہتے ہیں :’’امیرالمومنین نے فرمایا تھا کہ جب تک میں صراط مستقیم پر رہوں میری اطاعت کرنا بصورت دیگر مجھے سیدھا کردینا‘‘ (مفہوم) آج کے لیے صرف اتنا کافی سمجھیں کیونکہ اصل موضوع پرویز مشرف ہے۔ مشرف کیس کے ان گنت پہلو ہیں جن میں ایک سوشل قسم کا پہلو یہ ہے کہ اس کیس کے آئینہ میں ہم اپنا اجتماعی چہرہ دیکھ کر بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہمیں پلاسٹک سرجری کی کتنی شدید ضرورت ہے۔ پرویز مشرف برسہا برس سیاہ وسفید کا مالک رہا۔ دوستوں، مداحوں، چمچوں، کڑچھوں، مالشیوں اور طفیلیوں کا لشکر اس کے ہمراہ رہتا، حکم بناپتے جنبش نہ کرتے۔ مدتوں مضبوط رہا تو کسی نے چوں چرا نہ کی لیکن آج اس شخص کی تنہائی دیکھ کر عدیم ہاشمی کا لازوال شعر رہ رہ کے یاد آتا ہے: ؎ تمام عمر کا ہے ساتھ آب و ماہی کا پڑے جو وقت تو پانی نہ جال میں آئے بات صحیح اور غلط کی نہیں کہ میں کچھ اور کہانی کہنے کی کوشش کررہا ہوں اور ان سب کو سلام پیش کرتا ہوں جو اس بُرے وقت میں بھی اس کے ساتھ کھڑے ہیں یا کم ازکم بدزبانی نہیں کررہے: یہ ہماری نہ تمہاری دنیا چڑھتے سورج کی پجاری دنیا جسے دیکھو جوتوں سمیت سر پر چڑھا جاتا ہے کہ مرے کو مارے شہ مدار ۔ باوقار لوگ تو گرے ہوئے دشمن پر وار نہیں کرتے لیکن ادھر دیکھو۔ میرے نزدیک تو چپ چاپ قانون کی روانی وحکمرانی کا اسلوب وانداز دیکھنا چاہیے۔ ’’جٹ جانے تے بجو جانے‘‘ یہاں مجھے نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم و مغفور بھی یاد آرہے ہیں جنہوں نے بارہ اکتوبر فیم ٹیک اوور کے فوراً بعد اپنے مخصوص لہجے میں کہا تھا …’’پرویز مشرف وہ آخری جنرل ہے جس نے ٹیک اوور کیا اور پرویز مشرف وہ پہلا جنرل ہوگا جس پر مقدمہ بھی چلے گا‘‘ یہ ایک انتہائی زیرک بلکہ پولیٹیکل جینئس کا تبصرہ ہے جس پر غور کرنا چاہیے کہ نوابزادہ صاحب نے صرف اور صرف مقدمہ چلنے کی بات کی ہے… کسی سزا، پھانسی یا عمر قید کا ذکر نہیں کیا تو یہ کوئی وژنری ہی کہہ سکتا تھا۔ پرویز مشرف پر مقدمہ کے حوالہ سے جس ’’پنڈورازبوکس ‘‘ کے کھلنے کی بات ہوتی رہی تو اصل ’’کیچ ‘ ہے بھی وہیں۔ معاملات سلوموشن میں ہی چلیں تو بہتر ورنہ گرم گرم نوالے سے ہاتھ ہی نہیں منہ بھی جل سکتا ہے اور سانپ سیڑھی کے اس کھیل میں یہ نہ ہوکہ ’’گوٹی‘‘ اوپر پہنچ کر اچانک سانپ کے سامنے آکر بالکل ہی زیرو ہوجائے۔ سابق آرمی چیف پر مقدمے چلنا اور ضمانتیں منسوخ ہونا بطور پہلے مرحلے کے بڑی بات ہے۔ یہ ایک قدم نہیں ایک جست آگے جانے کے برابر ہے لیکن دھیرج سرکار! دھیرج سہج پکے سومیٹھا ہو مٹی کی دانش ہمیں بتاتی ہے کہ ’’مارے ہوئے نالوں بھجایا ہویا چنگا‘‘ یعنی ماردینے سے بھگادینا دانش مندی ہے ،سو’’پریشر ککر‘‘ میں فٹا فٹ پکانے سے بہتر ہوگا کہ ’’کچی ہانڈی ‘‘ میں ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دو کہ کلچر…سادہ کلچر ہو یا سیاسی کلچر ایسے راتوں رات سوئچ آن سوئچ آف‘‘ نہیں ہوتے۔ یہ بہت دھیما دھیرا پراسیس ہے جسے سپیڈ اپ کرنے کی کوشش کی گئی تو انجن سیز ہوجائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں