پاکستانی سالانہ 554ارب روپے خیرات کرتے ہیں‘ ماہرین
عطیات حقداروں تک پہنچانے کیلئے موثر مانیٹرنگ ناگزیرہے ، ڈپٹی کمشنرسلمان غنی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت اور نیک کاموں کیلئے صدقہ،خیرات اور عطیات کی فراہمی پاکستانی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے جس کی بدولت حکومت کے شانہ بشانہ فلاحی سرگرمیوں سے سماجی ترقی کی راہیں مضبوط ہوتی ہیں ۔عطیات کو حقداروں تک پہنچانے کے لئے موثر مانیٹرنگ نظام ناگزیر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت اطلاعات ونشریات کے اشتراک سے ’’حق،حقداروں تک‘‘ کے موضوع پر مقامی ہوٹل میں آگاہی سیمینارسے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں تاجر، صنعتکار، اور سول سوسائٹی کے افراد ودیگر نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فیصل آباد میں بھی مخیر حضرات تعلیم،صحت اور دیگر شعبوں میں انسانی بھلائی کیلئے دل کھول کر عطیات فراہم کرتے ہیں لہٰذا اس امر کو چیک کیا جائے کہ کہیں یہ عطیات کسی انتہا پسند یا کالعدم تنظیم کو تو نہیں جا رہے ۔انہوں نے سیمینار کے انعقاد کو سراہا۔اس موقع پر پراجیکٹ منیجر ز نبیل امتیاز اور وقار خالد نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ تقریباً 554 ارب روپے زکوٰۃ،خیرات اور صدقات کی مد میں وقف کئے جاتے ہیں جو پاکستانی عوام کی فلاحی کاموں میں شرکت اور انسان دوستی کا واضح ثبوت ہے ۔