فیصل آباد ڈویژن میں گندم کاشت کا102 فیصد ہدف مکمل
ڈویژن کے اضلاع میں18 لاکھ 68 ہزار ایکڑ پر کاشت مکمل ،کمشنر کوبریفنگ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی کاشت کا102 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے جو گزشتہ سال کی نسبت آج کی تاریخ تک2.93فیصد زیادہ ہے ۔کمشنر فیصل آبادڈویژن راجہ جہانگیرانور کی زیرصدارت گندم کی کاشت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ ڈویژن میں 18 لاکھ34 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر تھا تاہم ڈویژن کے اضلاع میں اب تک18 لاکھ 68 ہزار ایکڑ رقبہ پر کاشت مکمل ہوچکی ہے ،گزشتہ سال اس وقت تک18 لاکھ 9 ہزارایکڑ رقبہ پر کاشت ہوئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ30 فیصد ایریا میں گندم کی کاشت کو پہلا پانی دے دیا گیا ہے ۔کمشنر نے ریکارڈ گندم کی کاشت پر محکمہ زراعت توسیع کی کاوشوں کو سراہا۔