واسا کی جانب سے ڈیجیٹل مشینوں کیساتھ ڈیسلٹنگ جاری
4 مشینوں سے سیوریج لائنوں کی صفائی جاری، مزید 4مشینیں آرہی، ایم ڈی واسا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)واسا موسم سرما کے دوران سیوریج لائنوں کی ڈیجیٹل ڈیسلٹنگ کرے گا جس کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ہدایات جاری کردی ہیں۔اس ضمن میں انہوں نے کہا دسمبر سے فروری تک تین ماہ کے دوران شدید سردی اور دھند کی وجہ سے سیوریج لائنوں کی ڈیسلٹنگ نہیں کی جاتی تھی جس سے مختلف علاقوں میں سیوریج اوور فلو ہوتا تھا تاہم رواں سیزن میں واسا فیصل آباد کی جانب سے پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مشینوں کے ساتھ سیوریج لائنوں کی ڈیسلٹنگ کی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری اور بہترین سروسز مہیا کی جا سکیں۔
ایم ڈی واساکاکہناہے کہ اس وقت چار مشینوں سے مختلف علاقوں کی تنگ سیوریج لائنوں میں ڈیسلٹنگ کا عمل جاری ہے جبکہ دسمبر کے اختتام تک مزید4 مشینیں فیصل آباد پہنچ جائیں گی جسکے بعد تمام سب ڈویژنز میں ایک ایک ڈیجیٹل ڈیسلٹنگ مشین فراہم کردی جائیگی تاکہ ایسے علاقے جہاں پر سیوریج لائنیں تنگ اور اوور فلو کا خدشہ ہے وہاں پر ڈیسلٹنگ کا تسلسل جاری رکھا جا سکے ۔