شہر میں انسٹیٹیوٹ فار فنکشنل ری ہیبلیٹیش آف آٹزم کا افتتاح
انسٹیٹیوٹ میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کی بحالی کیساتھ ماہرین بھی تیار ہوسکیں گے ،کمشنر
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)آٹزم سے متاثرہ بچوں کی بحالی کیلئے لاہور میں سنٹر آف ایکسیلنس قائم کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں آٹیسٹک بچوں کی تعلیم و بحالی کیلئے فلاحی اداروں کے اقدامات بھی قابل ستائش ہیں۔ یہ بات کمشنر فیصل آباد ڈویژں راجہ جہانگیر انور نے خصوصی بچوں کی فلاح وبہبود اور تعلیم و تربیت میں سرگرم عمل این جی او تنظیم اللسان کے مرکزی کیمپس دھوبی گھاٹ میں انسٹیٹیوٹ فار فنکشنل ری ہیبلیٹیش آف آٹزم کا افتتاح کرنے کے بعد بتائی۔ صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار ، سینئر نائب صدر چوہدری سرفراز، جنرل سیکرٹری سبحان علی، ایگزیکٹو ممبرز چوہدری طارق نذیر، ایزد محمود ایڈووکیٹ، سوشل ویلفیئر آفیسر بلال اصغر، پرنسپل کلثوم افتخار، وائس پرنسپل شائستہ ارشاد و فیکلی ممبرز اس موقع پر موجود تھے۔
کمشنر نے خصوصی بچوں کی تعلیم و بحالی کیلئے عالمی معیار کی تدریسی و تربیتی سہولیات فراہمی پر تنظیم اللسان کی خدمات کوسراہا اور کہا یہ انسٹیٹیوٹ اس ریجن کیلئے گرانقدر فلاحی منصوبہ ہے جس میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کی بحالی کے ساتھ اس شعبے میں ماہرین بھی تیار ہوسکیں گے ۔ انہوں نے ٹیچرز اور منتظمین کے جذبہ خدمت پر داد دی اور کہا کہ وہ محدود مالی وسائل میں خصوصی بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کا کٹھن فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ذہنی و جسمانی معذور، متاثرہ سماعت و دیگر معذوریوں میں مبتلا بچوں کے کلاسز کا دورہ بھی کیا اور سپیچ تھراپی، فزیو تھراپی، کمپیوٹر ایجوکیشن، ووکیشنل ٹریننگ و دیگر تدریسی سرگرمیوں کو سراہتے کہا سپیشل ایجوکیشن کے شعبہ میں ایسے رضاکار ادارے معاشرے اور حکومت کو سہارا فراہم کر رہے ہیں جنکی ہرسطح پر سرپرستی کی جائیگی۔ انہوں نے بعض مسائل کے حل کا یقین دلاتے کہا تنظیم اللسان کیلئے مستقبل بنیادوں پر فنڈز کیلئے پائیدار منصوبہ سازی میں مدد کی جائیگی۔