شورکوٹ:بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کیلئے الیکشن بورڈ کا اعلان
چودھری سجاد حسین وڑائچ چیئرمین ، چودھری عثمان ظہور اور مہر ظفر اﷲممبرمقرر
شورکوٹ (نمائندہ دنیا )پنجاب بار کونسل کی ہدایت پر شورکوٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں الیکشن بورڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے ۔ چودھری سجاد حسین وڑائچ ایڈووکیٹ کو الیکشن بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ ممبران میں چودھری عثمان ظہور سروہی ایڈووکیٹ اور مہر ظفر اﷲ ایڈووکیٹ شامل ہیں۔بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چودھری وقاص سلیم ایڈووکیٹ کے مطابق انتخابات کے شیڈول کے تحت امیدواران 27 دسمبر کو اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائیں گے ، جبکہ امیدواران کی حتمی فہرست 31 دسمبر کو آویزاں کی جائے گی۔ پولنگ 10 جنوری کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، جس دوران بار ممبران اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
دریں اثنا، پروگریسیو فرینڈز لائر گروپ کی جانب سے صدر کے عہدے کے لیے خان قلب عباس خان ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری کے لیے چودھری شاہد نذیر جٹ ایڈووکیٹ کو نامزد کیا گیا ہے ، جبکہ پروفیشنل لائر گروپ نے صدر کے لیے میاں اختر عباس جنجیانہ ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری کے لیے غلام حر جوتہ ایڈووکیٹ کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ۔بار ایسوسی ایشن کے حلقوں میں انتخابات کے اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے اور وکلاء برادری میں گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے ۔