چنیوٹ :پیرا فورس کا گرینڈ آپریشن،غیر قانونی دکانیں مسمار
کارروائی امین پور اڈا پر کی گئی، دکانداراپنی حدود میں رہیں :حکام پیرا فورس
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )امین پور اڈا پر پیرا فورس کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن،غیر قانونی تعمیر دکانیں مسمار کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے علاقے امین پور اڈا پر پیرا فورس نے ایس ڈی او مزمل حسین بھٹی،زاہد لیاقت باجوہ کی زیر قیادت تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی اور اس دوران سرکاری زمین پر قائم غیر قانونی دکانیں،دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تھڑے اور شیڈ گرا دیئے۔
پیرا فورس کی اس کارروائی سے علاقے میں تجاوزات کے خاتمے کا عمل تیز ہو گیا ۔اس موقع پر پیرا فورس افسر زاہد لیاقت باجوہ نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام دکاندار اپنی مقررہ حدود میں رہیں، بصورتِ دیگر مزید سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔شہری حلقوں نے پیرا فورس کی کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے سے ٹریفک کی روانی اور عوام کو سہولت میسر آئے گی۔