چناب نگر:بازار میں کھمبوں پر ننگے تار، حادثات کا خدشہ

چناب نگر:بازار میں کھمبوں پر ننگے تار، حادثات کا خدشہ

عوامی و سماجی حلقوں کا صورتحال پر اظہار تشویش ،حکامِ بالا سے نو ٹس لینے کا مطالبہ

چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر کے مین بازار میں بجلی کے کھمبوں پر لٹکتے میٹر اور ننگی تاریں شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکامِ بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔مین بازار میں متعدد بجلی کے کھمبوں پر نصب سینکڑوں میٹروں کی ننگی تاریں کسی بھی وقت بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہیں، جس سے بھاری مالی نقصان کے ساتھ ساتھ قیمتی انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق اکثر اوقات ان ننگی تاروں میں آگ بھڑک اٹھتی ہے۔

جس سے قریبی دکانوں اور الیکٹرانک سامان کے جلنے کا خدشہ رہتا ہے ۔مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس سنگین مسئلے کی نشاندہی کے لیے متعدد بار میپکو سب آفس میں شکایات درج کروائی گئیں، تاہم مہینوں گزرنے کے باوجود تاحال بجلی کے کھمبوں پر تاروں اور میٹروں کو درست نہیں کیا جا سکا۔شہریوں اور دکانداروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر ترجیحی بنیادوں پر اصلاحِ احوال کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں