شورکوٹ کینٹ:گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور تقریبات

شورکوٹ کینٹ:گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور تقریبات

پولیس کے فول پروف سکیورٹی انتظامات، ریسکیو 1122 کا عملہ بھی الرٹ رہا

شورکوٹ (نمائندہ دنیا)شورکوٹ کینٹ میں مسیحی برادری کی جانب سے کرسمس کا تہوار انتہائی مذہبی عقیدت، جوش و جذبے اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر شہر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات، دعائیہ تقریبات اور دیگر مذہبی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ کیتھولک مریم چرچ شورکوٹ کینٹ، دی سالویشن آرمی چرچ اور شہر کے دیگر چرچز میں دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے ، جن میں مسیحی برادری کے مرد، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گرجا گھروں کو دیدہ زیب برقی قمقموں، رنگ برنگی لائٹس اور خوبصورت سجاوٹ سے آراستہ کیا گیا جبکہ چرچز کے اندر اور باہر کرسمس ٹری بھی سجائے گئے۔

کرسمس کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے چرچز کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی، سکیورٹی انتظامات کی نگرانی ڈی ایس پی شورکوٹ چودھری محمد اکرم نے کی جبکہ ایس ایچ او تھانہ شورکوٹ کینٹ بہلول واصل قریشی سمیت دیگر افسر اور اہلکار بھی موقع پر موجود رہے ۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کا عملہ بھی الرٹ رہا۔مسیحی برادری نے ملک میں امن، بھائی چارے ، مذہبی ہم آہنگی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں اورفول پروف سکیورٹی انتظامات پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں