جڑانوالہ:یوم قائدؒ پر میونسپل کمیٹی آفس میں تقریب، کیک کاٹا گیا
ملک و قوم کی ترقی کیلئے قائداعظمؒ کے فرمودات پر عمل کیا جائے :مقررین
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)جڑانوالہ تحصیل انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم قائدؒ کے موقع پر قائداعظم محمد علی جناحؒ اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی لازوال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے میونسپل کمیٹی دفتر میں اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ کی قیادت میں تقریب منعقد ہوئی ،تقریب میں مہمان خصوصی ایم این اے بلال بدر چودھری ، ایم پی اے و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی سردار خان بہادر ڈوگر، چیف آفیسر محسن مظہر، میاں نوید، محمد رومان، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں سعید انور بھولا، ملک مقصود، شیخ ابوبکر، تنویر حسین ، شیخ حبیب الرحمن، ملک شاہد چنا، مشتاق گجر، جاوید ڈوگر، ملک عرفان خلیل سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ قائداعظمؒ ایک عہد ساز شخصیت تھے جن کی بصیرت افروز قیادت میں تحریکِ آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور ایک آزاد، خودمختار ملک پاکستان معرض وجود میں آیا ،قائداعظمؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے ان کے فرمودات پر عمل کیا جائے ۔مقررین نے کہا کہ نئی نسل کو دو قومی نظریے سے روشناس کرانا ضروری ہے تاکہ آزادی کی قدر کرتے ہوئے حصولِ پاکستان کے مقاصد کے عزم میں کمی نہ آئے ،یوم قائد ؒمناتے ہوئے ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہئے کہ بانی پاکستان کے فرمودات ایمان، اتحاد اور تنظیم کو کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔تقریب کے دوران قائداعظمؒ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی سالگرہ کے کیک بھی کاٹے گئے اور وطن عزیز کی ترقی کی دعا کی گئی۔