ٹریفک نظام درست نہ ہوسکا، چالان بدستور جاری

 ٹریفک نظام درست نہ ہوسکا، چالان بدستور جاری

ستیانہ روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کے ناکے ،کاغذات اورہیلمٹ ہونے کے باوجود موٹرسائیکل سواروں ،گاڑیوں کے چالان ، شہری پریشان

فیصل آباد(عبدالباسط سے )سال 2025 کے اختتام میں آخری ایک ہفتہ باقی رہ گیا، ٹریفک پولیس اہلکار اور افسر ٹریفک کا نظام ٹھیک کرنے کی بجائے اب بھی چالان کے اہداف حاصل کرنے میں مصروف ، شہر بھر کے مختلف اہم مقامات، مین شاہراہوں اور چوک چوراہوں میں ٹریفک پولیس باقاعدہ ناکہ بندی کرکے گاڑیوں، موٹرسائیکل سواروں کے نان سٹاپ چالان کررہے ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار اور افسر شہریوں کو بھاری مالیت کے چالان کرکے اپنا چالان ہدف پورا کرنے کو ترجیح دینے لگے ۔ ذرائع کے مطابق سال 2025 کے آخری ایام چل رہے اور سال کے چالان کے ٹارگٹس پورے کرنے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں اور افسر وں نے اپنی حقیقی ڈیوٹیوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے چالان کے ہدف پور ے کرنے کیلئے اپنی تمام تر توجہ چالان کرنے پر مرکوز کر دی۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے سمندری روڈ، ستیانہ روڈ، کینال روڈ، جڑانوالہ روڈ، نڑ والا روڈ، ریلوے روڈ، سرکلر روڈ، جیل روڈ اور جھنگ روڈ سمیت مختلف اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگنا معمول بن چکا لیکن ٹریفک اہلکار نظام ٹریفک کو بہتر بنانے کی بجائے مبینہ طور پر محض چالان کے اہداف کو حاصل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ہیلمٹ اور گاڑیوں کے مکمل دستاویزات ہونے کے باوجود ٹریفک اہلکار مبینہ طور پر ان کے چالان ،حالیہ بڑھتی مہنگائی سے پہلے ہی شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے اور رہی سہی کسر ٹریفک پولیس بھاری چالان کرتے ہوئے پوری کر رہی ہے ، ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات نہ کئے جانے پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے ٹریفک پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نظام ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ بلاجواز چالان کا سلسلہ روکا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں