بہبود بورڈ :475 درخواستیں منظور ، 1کروڑ 90 لاکھ کے فنڈز جاری
ملازمین کی ایجوکیشنل سکالرشپ، میرج کی درخواستیں چھان بین کے بعد منظور کی گئیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ضلعی بہبود بورڈ فیصل آباد نے تعلیمی وظائف، شادی گرانٹ اور کفن دفن گرانٹ کی 475 درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے ایک کروڑ 90 لاکھ 17 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ۔تفصیلات کے مطابق تعلیمی وظائف کی 115 درخواستوں پر 28 لاکھ 72 ہزار روپے ، شادی گرانٹ کی 179 درخواستوں پر 98 لاکھ 45 ہزار روپے ، کفن دفن گرانٹ کی 181 درخواستوں پر 63 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی گئی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز زینب جہانداد نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی زیر صدارت ضلعی بہبود فنڈ بورڈ فیصل آباد نے سرکاری ملازمین کی ایجوکیشنل سکالرشپ، میرج اور ڈیتھ گرانٹس کی درخواستوں کو انچارج بہبود فنڈ برانچ محمد نوید کی زیر نگرانی ہر لحاظ سے مکمل چھان بین کے بعد منظور کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کر دیا ہے ،منظور شدہ رقوم درخواست گزاروں کے بنک اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہیں، ماہانہ امداد کے 24 فریش کیسز بھی منظور کئے گئے ہیں۔