کہیں بادل و بارش تو کہیں برفباری، ملک بھر میں موسم کے حسین رنگ بکھرنے لگے

لاہور: (دنیا نیوز) کہیں بادل، کہیں بارش، کہیں برفباری، ملک بھر میں موسم کے حسین رنگ بکھر گئے۔

شہر قائد میں رات گئے موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

کراچی کے علاقہ آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، ضیاء الدین احمد روڈ، سول لائنز میں بادل خوب برسے، شاہراہ فیصل، طارق روڈ، صدر، سولجر بازار، جمشید روڈ اور اطراف کے علاقوں میں بھی ابر کرم برس پڑا، سائٹ ایریا، میٹروول، اورنگی ٹاؤن میں بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے شہر میں آج دن میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وقفے وقفے سے بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔

لاڑکانہ، سکھر، شکار پور، جیکب آباد، نوڈیرہ، خانپورمیں بھی بارش ہوئی، لکھی غلام شاہ، گڑھی یاسین میں بھی بادل برسے جس کے باعث خنکی میں نمایاں اضافہ ہوگیا، حیدر اباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔

کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، لاہور میں بھی آج اور کل بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، کوئٹہ، چمن اور گوادر میں بارش سے سردی بڑھ گئی، توبہ اچکزئی کے مختلف علاقوں میں برفباری ہوئی، چمن اور گردونواح میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، سیلابی ریلا آبادی میں داخل ہوگیا۔

خیبرپختونخوا میں بھی بارش اور برفباری ہوئی، رزمک، شوال، وانا، برمل اور شکئی کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد برفباری ہوئی، دیامر میں برفباری سے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، بابوسر ٹاپ پر بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔

وادی نیلم میں بھی برفباری ہوئی، اڑنگ کیل، گریس ویلی، تاؤ بٹ میں روئی کے سفید گالوں کی برسات ہوئی، چلاس میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا، بالائی علاقوں میں سرد ہواؤں کا راج رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں