نیوائیر نائٹ :فیصل آباد پولیس کی جامع حکمت عملی ترتیب

نیوائیر نائٹ :فیصل آباد پولیس کی جامع حکمت عملی ترتیب

مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کے ساتھ خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کیخلاف کارروائی کرینگے :آر پی او، سی پی او

فیصل آباد(عبدالباسط سے )نیوائیر نائٹ کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور ہلڑ بازی کی روک تھام کیلئے فیصل آباد پولیس نے جامع حکمت عملی ترتیب دے دی ، شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی، پٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کیلئے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں پولیس نیو ایئر نائٹ کے موقع پر جامع حکمت عملی کے تحت تمام تھانوں کے علاقوں میں خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم کرنے کے ساتھ پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور گشت کے لئے خصوصی ٹیمیں تعینات کریگی۔ خصوصی ڈیوٹیوں کے ذریعے نہ صرف شہر بھر کی مانیٹرنگ کی جائے گی، بلکہ آتش بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو گرفت میں لینے اور غیر قانونی اقدامات کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔

اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فیصل آباد پولیس کی جانب سے بہترین اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ نیو ایئر نائٹ کا جشن منانے والے افراد کو غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رکھنے کیلئے اساتذہ، والدین اور علماء سمیت معاشرے کے دیگر افراد بھی اپنا کردار ادا کریں ،قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچایا جائے گا، شہری بھی نیو ایئر نائٹ کا جشن منانے کی آڑ میں کی جانے والی غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں